مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے پیغبمر اسلام (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے یوم ولادت کے سلسلے میں دو روزہ بین الاقوامی رحمۃ اللعالمین کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ 'پوری امت مسلمہ عید میلاد النبی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) منانے جارہی ہے، اگرچہ نبی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے شایان شان تو کچھ ہو ہی نہیں سکتا لیکن ہم اپنی بساط کے مطابق یہ دن منانے جارہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ اس بار دو روزہ 'بین الاقوامی رحمتہ اللعالمین(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کانفرنس' منعقد کی جارہی ہے جو 20 اور 21 نومبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی، کانفرنس کا عنوان 'رحمتہ اللعالمین ختم نبوت' اور 'امت مسلمہ کی ذمہ داریاں' رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے پہلے روز وزیر اعظم عمران خان صدارت فرمائیں گے، دوسرے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی صدارت کریں گے، سیرت النبی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) پر لکھے گئے مقالات پر صدر مملکت انعامات دیں گے جبکہ کئی مسلم ممالک کے وفود اس میں شرکت کریں گے۔
پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ختم نبوت پوری امت مسلمہ کا متفقہ مسئلہ ہے، جو ختم نبوت پر یقین نہیں رکھتے انہیں پہلے ہی غیر مسلم قرار دیا جاچکا ہے۔