مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی کے سبب تباہ ہونے والے "پیراڈائز ٹاؤن " کے راکھ کے ڈھیر سے تیسرے دن مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے جب کہ 200 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں لگنے والی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا، کئی ہزار ایکڑ پر موجود درخت جل کر راکھ ہوگئے، آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد تیسرے دن 25 سے بڑھ کر 31 ہوگئی ہے جب کہ 200 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ آگ کے شعلوں نے شوبز ستاروں کے رہائشی علاقے اگورا ہلز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث کئی اداکاروں کے گھرمکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے۔ آگ لگنے سے قبل اس علاقے کو خالی کرالیا گیا تھا مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائر فائٹرز تیز ہواؤں کے تھپیڑوں کے باعث تیزی سے پھیلنے والی آگ پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔ جمعرات کو وسطی لاس اینجلس سے شروع ہونے والی آگ بڑھتے بڑھتے آج 35 ہزار ایکڑ تک پھیل کر ہائی وے 101 کے ساحلی علاقے کے نزدیک پہنچ گئی ہے۔