امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نجی محفلوں میں سیاہ فام افراد کے خلاف زہریلا پروپیگںڈہ اور ان کا مذاق اُڑاتے رہتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نجی محفلوں میں سیاہ فام افراد کے خلاف زہریلا پروپیگںڈہ اور ان کا مذاق اُڑاتے رہتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق صدر ٹرمپ کے سابق رفیق خاص اور معتمد وکیل مائیکل کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر نجی محافل اور گفتگو کے دوران سیاہ فام افراد کے لیے عادتاً نفرت آمیز کلمات استعمال کرتے ہیں۔

مائیکل کوہن نے کہا کہ مجھے اچھی طرح وہ چار مواقع یاد ہیں جب صدر ٹرمپ نے اخلاقیات کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے سیاہ فام افراد کے لیے نامناسب اورتوہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔

مائیکل کوہن کا مزید کہنا تھا کہ 2016ء میں انتخابی جلسے میں لوگوں کی تعداد کے حوالے سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے سیاہ فام  افراد کو احمق ترین ووٹرز قرار دیا اور مجھ سے ایسے کسی ملک یا شہر کا نام پوچھا جس کا انتظام سیاہ فام شخص کے ہاتھ میں ہو۔ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے سابق اہل کاروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر مائیکل کوہن کے موقف کی تصدیق کی ہے جبکہ وائٹ ہاؤس نے اس تائید یا تردید نہیں کی۔