پاکستان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 116 پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹادیا گیا، جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چار ایس پیز کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 116 پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹادیا گیا، جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چار ایس پیز کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب امجد سلیمی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 116 پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے، ڈی ایس پی، انسپکٹرز، انچارج انوسٹی گیشن سمیت تمام اہلکاروں کو پولیس لائن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چار ایس پیز کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ان افسران کو سابق آئی جی پنجاب محمد طاہر خان نے وزیراعظم کے حکم کے باجود او ایس ڈی بنانے کی بجائے دوسرے اضلاع میں ٹرانسفر کر دیا تھا جس پر حکومت نے سابق آئی جی کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔واضح رہے کہ سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہرالقادری نے وزیراعظم عمران خان سے ملوث پولیس افسروں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔