اجراء کی تاریخ: 15 اکتوبر 2018 - 20:21

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کے معاملے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ریاض روانہ کر رہا ہوں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کے معاملے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ریاض روانہ کر رہا ہوں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سعودی عرب کے فرماں روا سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، شاہ سلمان نے جمال خشوگی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور وہ نہیں جانتے کہ لاپتا صحافی کے ساتھ کیا ہوا۔ ٹرمپ کے مطابق سلمان کا موقف ہے کہ جمال خشوگی کی گمشدگی پر سعودی عرب ترکی کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گمشدہ صحافی کے معاملے کی وضاحت کے لیے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو فوری طور پر ریاض روانہ کیا جا رہا ہے جہاں وہ شاہ سلمان سے ملاقات کریں گے۔

قبل ازيں امریکی صدر نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خشوگی کے قتل کیے جانے کی اطلاعات پر سعودی عرب کے خلاف سخت اقدامات کا عنديہ ديا تھا۔