مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر کہا ہے کہ اگر صحافی کو قتل کرنے میں سعودی حکومت کا ہاتھ ہوا تو اسے سزا دی جائے گی۔ امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خاشقجی کے حوالے سے حقائق اور صداقت کا کھوج لگائیں گے اور تحقیقات کے ذریعے اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اب تک سعودی حکومت نے صحافی کی گمشدگی میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم ریاض حکومت اگر صحافی کے قتل میں ملوث پائی گئی تو سزا ناگزیر ہوگی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاملہ اس لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ خاشقجی ایک صحافی تھا اب وقت آنے پر دیکھیں گے کہ کون سے آپشنز استعمال کیے جائیں اور کونسی پابندیاں عائد کی جائیں۔