افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع کامہ میں امیدوار عبد الناصر محمد کا انتخابی جلسہ جاری تھا کہ اجتماع میں شامل خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبے ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد امدادی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تاحال حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

افغانستان میں رواں ماہ کی 20 تاریخ کو پارلیمانی انتخاب ہونے جا رہے ہیں جس میں 2 ہزار 5 سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم اب تک 5 امیدواروں کو قتل کیا جا چکا ہے۔