مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے شہر ممبئی میں مسلمانوں نے چین کے صوبے سنکیانگ میں یوغور مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کو حراستی کیمپوں میں قید کیے جانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ممبئی میں نمازِ جمعہ کے بعد مسجد کے باہر سیکڑوں مسلمانوں نے مظاہرہ کیا اور چین مخالف نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین کے مطابق چین حراستی کیمپوں میں قید مسلمانوں سے ان کی مذہبی آزادی چھین رہا ہے۔
خیال رہے کہ چین نے سنکیانگ صوبے میں اسلام کی تعلیمات اور یوغور زبان پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں، جس سے متعلق چین کا مؤقف ہے کہ ان سے سنکیانگ میں رہائش پذیر غریب افراد کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ چین کا کہنا تھا کہ سنکیانگ میں مسلمانوں کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جارہی بلکہ انتہاپسندی کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے کچھ لوگوں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی نسلی تعصب کے خاتمے کے لیے قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 10 لاکھ سے زائد یوغور اور دوسری مسلم اقلیتوں کے افراد چین کے صوبے سنکیانگ میں جنگی قیدیوں کے کیمپوں میں قید ہیں۔