اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی طرف سے عالمی عدالت کے ججوں کے خلاف دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی سرکشی اور غنڈہ گردی کی کوئی حد نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی طرف سے عالمی عدالت کے ججوں کے خلاف دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی سرکشی اور غنڈہ گردی کی کوئی حد نہیں ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں امریکہ کی طرف سے عالمی عدالت کے ججوں کے خلاف دھمکیوں اور پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ عالمی برادری کے امریکہ کی غیر قانونی حرکتوں پر ایکش لینا چاہیے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے انٹرنیشنل کرائم کورٹ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ججوں کی گرفتاری سمیت سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کورٹ پر امریکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کا بھی الزام عائد کیا۔ امریکی مشیر جان بولٹن کا مزید کہنا تھا کہ اگر عالمی فوجداری عدالت امریکی، اسرائیلی یا اتحادی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ امریکہ اپنے شہریوں، رضاکاروں اور افسران کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور ہماری پہلی ترجیح اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔