پوپ فرانسس نے مختلف گرجا گھروں میں پادریوں کی جانب سے بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر معافی مانگ لی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پوپ فرانسس نے مختلف گرجا گھروں میں پادریوں کی جانب سے بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر معافی مانگ لی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آئرلینڈ کے دورے کے دوسرے روز پُرہجوم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ویٹی کن سٹی کے پوپ فرانسس نے پادریوں کے بڑھتے ہوئے جنسی اسکینڈل پر  معافی مانگتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

پاپ فرانسس نے کہا کہ کوئی بھی شخص ان لوگوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا جن سے ان کی معصومیت کو چھین لیا گیا ہو اور تلخ و درناک یادوں میں معصوم بچوں کو زندہ رہنے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہو۔ اس تکلیف دہ صورت حال کا سدباب ہونا بہت ضروری ہے۔

آئرلینڈ میں کسی ویٹی کن سٹی کے پوپ کا یہ 39 سال بعد پہلا دورہ ہے تاہم یہ دورہ پوپ فرانسس کے لیے خوشگوار ثابت نہیں ہوا،ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور چرچ کے پادریوں کی جانب سے بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ چرچ کے بشپ اور دیگر حکام زیادتی میں ملوث پادریوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پوپ فرانسس نے اپنے دورے کے پہلے روز 8 ایسے بچوں سے ملاقات کیں جنہیں مبینہ طور پر چرچ میں پادریوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔