مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایرانی مسلح افواج کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران تیل کے بارے میں امریکی دھمکیوں کا با آسانی جواب دے سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر امریکی حکام کو ایران کی فوجی توانائیوں کے بارے میں علم ہوجائے تو وہ دھمکیاں دینا بھی بند کردیں گے۔ جنرل جعفری نے 10 سوخو 22 لڑاکا طیاروں کو سپاہ کی تحویل میں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے سوخو 22 طیاروں کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا اور انھیں کارروائیوں کے لئے سپاہ کی تحویل میں دیدیا گيا ہے۔
جنرل جعفری نے ایران کی مسلح افواج کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج اپنی سرحدوں کا بھر پور دفاع کرنے کے لئے آمادہ ہیں اور تیل کے بارے میں امریکی دھمکیوں کا ایران بڑی آسانی کے ساتھ جواب دے سکتا ہے۔
جنرل جعفری نے ایرانی صدر حسن روحانی کے امریکہ کے بارے میں دوٹوک بیان کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کو ایران کے تیل اور اقتصادی مسائل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔