ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافات میں ایک گھر میں خودکشی کرنے والے 11 افراد کی موت معمہ بن گئی، پولیس کے مطابق مرنےوالوں کا عقیدہ تھا کہ انہیں پھانسی کے باوجود کچھ نہیں ہو گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافات میں ایک گھر میں خودکشی کرنے والے 11 افراد کی موت معمہ بن گئی، پولیس کے مطابق مرنےوالوں کا عقیدہ تھا کہ انہیں پھانسی کے باوجود کچھ نہیں ہو گا۔ اطلاعات کے مطابق خودکشی کرنے والے خاندان کے گھر سے ایک تحریر ملی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مرنے والوں کو یقین تھا کہ جب وہ خود کو پھانسی لگائیں گے تو انہیں کچھ نہیں ہو گا۔

تحریر میں خودکشی کے تمام مراحل بھی درج کئے گئے تھے، دہلی کے پراری علاقے سے گزشتہ روز پولیس کو ایک گھر سے آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ بندھی لاشیں ملی تھیں ،مرنے والے 11 میں سے 10 افراد نے پھانسی لگائی تھی۔

دہلی پولیس کے مطابق ایک دکان میں ایک ہی خاندان کے 11افراد کی لاشیں ملی تھیں جن میں سے 10 افراد کی لاشیں چھت سے لٹکی ہوئی تھیں،صرف ایک لاش زمین پر پڑی تھی جو 77 سالہ عورت کی تھی۔

ان 11افراد میں 2بچے بھی شامل ہیں، جبکہ زیادہ تر لاشوں کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھی، منہ پر کپڑا بندھا تھا اور ان کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق خودکشی کرنے والا بھاٹیا خاندان جو راجستھان سے تعلق رکھتا تھا اور گذشتہ 20 سال سے دہلی میں مقیم تھا، اس تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ان کی دو دکانیں تھیں۔