مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے مضافات میں ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے 10 لاشیں چھت سے لٹکی ہوئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق نئی دہلی کے نواحی علاقے بُرارئی کے دو منزلہ مکان سے 7 خواتین اور 4 مردوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے 10 لاشیں چھت سے لٹکی ہوئی تھیں اور ان کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے جب کہ ایک 75 سالہ خاتون کی لاش فرش پر پڑی ہوئی تھی۔ پُر اسرار موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔اہل محلہ کا دعوی ہے کہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن کی اشیائے صرف کی دکان تھی اور اس محلے میں وہ 20 سال سے قیام پذیر تھے۔ یہ خاندان اپنی دکان روز صبح 6 بجے کھول لیا کرتا تھا لیکن حادثے کے روز ساڑھے سات بجے تک بھی دکان نہ کھلنے پر اہل محلہ نے گھر کا رخ کیا تو تمام افراد کی لاشیں ملیں جس پر پڑوسیوں نے فون کرکے پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا واقعہ لگتا ہے لیکن ابھی ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں، اس لیے حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔
اجراء کی تاریخ: 1 جولائی 2018 - 20:54
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے مضافات میں ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے 10 لاشیں چھت سے لٹکی ہوئی تھیں۔