یمن کی قومی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمنی قوم نے الحدیدہ میں سعودی عرب کی جارح فوج کو ان کی تمام آرزوؤں کے ساتھ دفن کرنے کا عزم کررکھا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  یمن کی قومی نجات حکومت کے ترجمان عبد السلام جابر کا کہنا ہے کہ یمنی قوم سعودی عرب کی جارح فوج کو ان کی تمام آرزوؤں کے ساتھ دفن کردے گی۔ عبد اسلام جابر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی فوج یمن کے جنوبی صوبوں کے لوگوں کو جنگ میں شرکت کرنے پر مجبور کررہی ہے جس کے نتیجے میں یہ لوگ یا ہمارے فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہوجاتے ہیں یا پھر انھیں خود سعودی عرب کے جنگی طیارے بمباری کرکے ہلاک کردیتے ہیں۔ عبدالسلام نے کہا کہ سعودی عرب کے فوجی اتحاد میں زبردست ہراس پایا جاتا ہے اور الحدیدہ پر حملے کے نتیجے میں سعودی عرب کے سیکڑوں فوجی محاصرے میں آگئے ہیں۔اس نے کہا کہ یمنی فوج اور قبائل ملکر ملک کا بھر پور دفاع کررہے ہیں اور اس سلسلے میں انھیں نمایاں کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔