اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلمینٹ کے نمائندوں نے علی لاریجانی کو ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کرلیا ہے جبکہ پزشکیان اور مطہری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے 279 نمائندوں کی موجودگی میں پارلیمنٹ کی سربراہی کونسل کا انتخاب منعقد ہوا ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلمینٹ کے نمائندوں نے علی لاریجانی کو ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کرلیا ہے جبکہ پزشکیان اور مطہری بھی ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر برقرار رہے۔ اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عہدے کے لئے تین امیدوار میدان میں موجود تھے جن میں موجودہ اسپیکر علی لاریجانی، محمد رضا عارف  اور حمید رضا حاج بابائی شامل ہیں ۔ پہلے مرحلے کے انتخاب میں کوئی بھی امیدوار اکثریت آراء حاصل نہیں کرسکا جس کے بعد اسپیکر کے انتخاب کا دوسرا مرحلہ منعقد ہوا ۔ دوسرے مرحلے میں حمید رضا حاج بابائی لاریجانی کے حق میں دستبردار ہوگئے اور مقابلہ علی لاریجانی اور محمد رضا عارف کے درمیان ہوا۔ دوسرے مرحلے کے انتخاب میں علی لاریجانی 147 ووٹ حاصل کرکے ایک بار پھر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ لاریجانی گذشتہ تین سال سے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عہدے کے لئے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ مسعود پزشکیاں اور علی مطہری بھی نائب اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔