مہر خبررساں ایجنسی نے آناتولی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کی عدالت نے اردوغان حکومت کے خلاف بغاوت کے مرتکب سابق ایئر چیف سمیت 104 فوجی اہلکاروں کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ترکی میں صدر رجب طیب اردوغان کی حکومت کے خلاف دو سال قبل فوجی بغاوت اور انہیں قتل کرنے کی سازش کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، مقدمے میں 280 فوجی اہلکار گرفتار ہیں جن میں سے 104 اہلکاروں کو آئین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے پر عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سزا پانے والوں میں سابق ایئرفورس چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ڈیمیراسلن اور سابق آرمی چیف آف کمانڈ میجر جنرل میمدوح حیکبلین شامل ہیں جب کے عدالت نے 21 مشتبہ افراد کو صدر کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے پر 20 سال کی سزا اور 31 افراد کو عسکری گروپ کا حصہ بننے پر 6 ماہ سے 10 سال تک کی سزائیں سنائیں۔واضح رہے کہ جولائی 2016ء میں ہونے والی فوجی بغاوت کے دوران 240 شہری اور 24 باغی ہلاک ہوگئے تھے۔