مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لکھوں مؤمنین نے شرکت کی خطیب جمعہ نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں خیانت بالکل نمایاں ہوگئی۔ خطیب جمعہ نے اسرائیل کی غاصب حکومت کی تشکیل کو عالم اسلام کے لئے بہت بڑی مصیبت قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے غاصب صہیونی حکومت کی حمایت کا سلسلہ جاری ہے اور امریکہ نے اب بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ بھی بیت المقدس میں کھول دیا ہے۔خطیب جمعہ نے امریکی اتحاد میں شامل عرب حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی حمایت کرنے والے عرب ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔ خطیب جمعہ نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان ہونے والے مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے خارج ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت کو یورپی ممالک کے بارے میں بھی ہوشیار اور آگاہ رہنا چاہیے کیونکہ جس طرح امریکہ نے عہد شکنی کی ہے اسی طرح یورپی ممالک بھی عہد شکنی کرسکتے ہیں انھوں نے کہا کہ یورپی ممالک مستقل نہیں یہ خود امریکہ کے زیر نظر ہیں لہذا ان کی بات میں بھی زیادہ وزن نہیں ہے۔
اجراء کی تاریخ: 18 مئی 2018 - 20:26
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے خطیب نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں خیانت بالکل نمایاں ہوگئی۔