اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے ایک پیغام میں رمضان المبارک کی آمد پر اسلامی ممالک کے سربراہان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے  اپنے ایک پیغام میں رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اسلامی ممالک کے سربراہان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر حسن روحانی نے رمضان المبارک کو اللہ تعالی کی عبادت اور بندگی کا مہینہ قراردیتے ہوئےکہا کہ رمضان کا مہینہ اللہ تعالی کی رحمتوں کا مہینہ ہے ۔ رمضان کا مہینہ خودسازی اور استقامت کا مہینہ ہے ۔  رمضان کا مہینہ الفت ، محبت اور غریبوں کی مدد کرنے کا مہینہ ہے۔ صدر حسن روحانی نے فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال کرنے کے سلسلے میں امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ سازشوں اور بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کی غیر قانونی منتقلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو باہمی اتحاد کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی ممالک باہمی اتحاد کے ذریعہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن و صلح برقرار کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے تمام مسلمانوں اور اسلامی ممالک کی عزت اور عظمت کے لئے دعا کی۔