مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی کے گلشن اقبال میں جلسہ گاہ کے تنازع پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تصادم کے دوران دونوں جانب سے پتھراؤ سمیت ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب واقع حکیم محمد سعید گراؤنڈ میں 12 مئی کو جلسہ کرنے کے لیے کیمپ لگانے کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔ تصادم کے درمیان دونوں جانب سے پتھراؤ ہوا، ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جب کہ ہوائی فائرنگ بھی ہوئی۔ مشتعل افراد نے پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلیں نذر آتش کردیں اور دو گاڑیوں کو بھی آگ لگادی، کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑے اور انہیں نقصان پہنچایا۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور پی پی کے رہنما مراد علی شاہ نے جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکیم سعید گراونڈ میں جلسے کی باقاعدہ اجازت لی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے اس گراؤنڈ پر قبضہ کرکے سیاست کرنا مناسب نہیں، ہم نے کسی کو بھی جلسہ کرنے سے نہیں روکا یہ شعوری طور پر شہر کے حالات خراب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑنے جھگڑنے کی سیاست اور شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ہر کوئی قانونی تقاضے پورے کرکے جلسہ کرے اس کی کوئی پابندی نہیں۔
اجراء کی تاریخ: 8 مئی 2018 - 10:08
پاکستان کے شہر کراچی کے گلشن اقبال میں جلسہ گاہ کے تنازع پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔