شمالی کوریا نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئےکہا ہے کہ واشنگٹن یہ دعویٰ نہ کرے کہ شمالی کوریا امریکی دباؤ کی وجہ سے امن مذاکرات کا حصہ بننے پر مجبور ہوا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اے ایف پی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئےکہا ہے کہ واشنگٹن یہ دعویٰ نہ کرے کہ شمالی کوریا   امریکی دباؤ کی وجہ سے امن مذاکرات کا حصہ بننے پر مجبور ہوا ہے۔

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی وجہ امریکی پابندیاں یا عسکری دھمکیاں نہیں ہیں۔ پیانگ یانگ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایک تازہ بیان میں واشنگٹن کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ اس طرح کے " اشتعال انگیز" بیانات دینا بند نہیں کرے گا تو امن مذاکرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

شمالی کوریا کی وزرات خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امریکہ ایسے بیان دے کر دانستہ طور پر شمالی کوریا کو اشتعال دلا رہا ہے کہ اگر اس نے جوہری پروگرام مکمل طور پر ترک نہ کیا تو اس پر عائد عالمی پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔