مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری نے لاہو رمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ضرورت تھی تو پی ٹی آئی سے اتحاد ہوگیا لہذا الیکشن کے بعد ضرورت پڑی تو عمران خان سے اتحاد ہوجائے گا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کو مضبوط کرنے کی خاطرشہید ہوئے لیکن نواز شریف نے مغل بادشاہ اور شہزادہ سلیم بن کر ہماری جمہوریت کے لیے کی گئی جدوجہد کمزور کردی، اب ہمارے پاس کمزور جمہوریت ہے جسے کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے، اس سے بڑا سانحہ کیا ہوگا ملک کے لیے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے، سینیٹ الیکشن میں ضرورت تھی تو پی ٹی آئی سے اتحاد ہوگیا لہذا الیکشن کے بعد ضرورت پڑی تو عمران خان سے اتحاد ہوجائے گا، ہم اپوزیشن اور حکومت دونوں میں بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے پہلے بھی حکومت کی ہے، ہمیں وزیراعظم ہاؤس دیکھنے کا کوئی شوق نہیں، انہوں نے نہیں دیکھا لہذا انہیں وزیراعظم ہاؤس دیکھنے کی جلدی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ خلائی مخلوق کے بارے میں پہلے نواز شریف بتائیں کیوں کہ وہ نہ صرف ان کو استعمال کرتے رہے ہیں بلکہ ان کے خلائی مخلوق کے ساتھ قریبی تعلقات بھی رہے ہیں۔