مہر خبررساں ایجنسی نے ہسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مراکش میں سرگرم باغی گروہ پولیساریہ محاذ نے مراکش کی طرف سے ایران پر عائد الزامات کو بےبنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیساریہ محاذ کو ایران کی حمایت حاصل نہیں ہے اور نہ ہی اس گروہ کا ایران سے کوئی تعلق ہے۔
پولیساریہ محاذ کے ترجمان محمد حداد نے ایران کے خلاف الزامات کو کذب محض قراردیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک اپنی اندرونی مشکلات کو حل کرنے کے بجائے دوسروں پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ پولیساریہ محاذ کے ترجمان نے کہا کہ مراکش کے پاس اگر ایران کی حمایت کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔ واضح رہے کہ مراکش نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ایران پولیساریہ محاذ کو مدد فراہم کررہا ہے۔ واضح رہے کہ مراکش کی طرف سے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے اقدام کی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے حمایت کی ہے۔