مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی پاکستان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر فیصل آباد کے نواحی علاقے میں کھیتوں کے اندر بنائی گئی آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے میں کھیتوں کے اندر آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری قائم کی گئی تھی۔ جمعرات کی صبح اس فیکٹری میں دھماکہ ہوا جس کے باعث آتش بازی کے سامان میں آگ لگ گئی اور عمارت منہدم ہوگئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں تین سے چار کمرے تھے جس میں متعدد مزدور کام کر رہے تھے، ملبے سے 2 افراد کی لاشیں اور 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔