مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت نے نظام تعلیم کا بیڑا غرق کردیا یہ ہے پنجاب حکومت کی کارکردگی۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں میرٹ کے برعکس وائس چانسلر کی تعیناتی کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹرعظمیٰ قریشی عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سینئرز کو کیسے نظر انداز کر دیا گیا، عدالت کے علم میں ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال کا تعیناتی میں کیا کردار ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نظام تعلیم کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا، یہ ہے پنجاب حکومت کی کارکردگی، میرٹ کے خلاف وزرا کے کہنے پر کوئی بھی تعیناتی برداشت نہیں کروں گا۔