پاکستان کے قومی سلامتی مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکہ کا ساتھ دینے پر طالبان نے پاکستان پر حملہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے  قومی سلامتی مشیر ناصر خان جنجوعہ نے اسلام آباد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی (نیکٹا) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا ساتھ دینے پر طالبان نے پاکستان پر حملہ کیا۔ ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ ہم نے طالبان کے خلاف امریکہ کا ساتھ دیا، امریکہ کا ساتھ دینے کے رد عمل میں طالبان نے پاکستان پر حملہ کیا، ہمیں فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں الجھایا گیا، ہم نے فاٹا سمیت ہر جگہ مقابلہ کیا، پاک افغان بارڈر پر سب سے بلند مقام 24 ہزار فٹ ہے، دنیا کے دشوار ترین علاقے میں عالمی برادری آئے اور لڑ کر دکھائے۔ ناصر جنجوعہ نے کہا دہشت گردوں کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردی میں ہزاروں شہری،افسر اور جوان شہید ہوئے، بے پناہ قربانیوں کے باوجود ہم پر دوہرے معیار کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی تشکیل اور تجہیز اور تسلیح میں امریکہ اور پاکستان دونوں نے اہم کردار ادا کیا ۔