مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوہ نے 62 افراد کے قتل میں ملوث 10 خطرناک وہابی دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ان دہشت گردوں میں شہید صابری کے قاتل بھی شامل ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی جب کہ 5 دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ دہشت گرد شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے 5 شہریوں، 11 پولیس اہلکاروں، ایف سی کے 46 اہلکاروں کو قتل کیا جب کہ سزائے موت پانے والے وہابی دہشت گردوں میں معروف قوال شہید امجد صابری کے قاتل بھی شامل ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق امجد صابری کے قتل میں محمد اسحاق ولد محمد ابراہیم اور محمد عاصم ولد عبدالرحمان جب کہ پشاور کے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملے میں ملوث محمد عارش خان ولد محمد اسلم کو سزائے موت سنائی گئی، اس کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل محمد یوسف اور 16 جوانوں کے قتل میں محمد رفیق ولد حمید خان کو سزائے موت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حبیب الرحمان ولد کھوبہ گل کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل انور عباس اور 3 جوان شہید ہوئے، محمد فیاض ولد گل فراز کے حملوں میں تین فوجیوں سمیت 8 افراد شہید ہوئے۔ واضح رہے کہ 2 سال قبل کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار امجد صابری موقع پر جاں بحق جب کہ ان کے دیگر 2 ساتھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔
اجراء کی تاریخ: 2 اپریل 2018 - 17:02
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوہ نے 62 افراد کے قتل میں ملوث 10 خطرناک وہابی دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ان دہشت گردوں میں شہید صابری کے قاتل بھی شامل ہیں۔