مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں طوفان کے نتیجے میں اب تک 8 افراد ہلاک جب کہ لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ کے شمال مشرقی اور وسط مغربی علاقوں میں آنے والے طوفان نے معمولات زندگی درہم برہم کردیے ہیں ۔ طوفان کو "بم" کا نام دیا گیا ہے جس سے اب تک 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 9 لاکھ گھر اور دفاتر بجلی سے محروم ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور برفباری ہورہی ہے جس کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ تیز ہواؤں سے درختوں کے گرنے کے درجنوں واقعات میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ زمینی راستے بھی منقطع ہوگئے۔ خراب موسم کی وجہ سے واشنگٹن میں وفاقی حکومت کے دفاتر بھی بند کردیئے گئے ہیں اور ساحلی علاقوں نیوجرسی سے میساچیوسٹس تک وارننگ جاری کردی گئی ہے۔