امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی وزارت دفاع پنٹاگون اور وائٹ ہاؤس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے نیویارک ٹائمزکے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی وزارت دفاع پنٹاگون اور وائٹ ہاؤس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں ۔  وائٹ ہاؤس کو اس بات پر شکوہ ہے کہ شمالی کوریا پر حملے کے لیے پینٹاگون صدر ٹرمپ کو کسی قسم کا کوئی اختیار یا انتخاب نہیں دے رہا ۔

صدر ٹرمپ کے مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریمنڈ مک ماسٹر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کو دی جانے والی دھمکیوں کے قابل اعتماد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ کے پاس حملے سے متعلق ایک عمدہ اور طے شدہ منصوبہ ہو ۔

جنرل مک ماسٹر کا کہنا ہے کہ وہ مذاکرات کے حق میں ہیں تاہم ماضی میں مذاکرات کی صورت میں شمالی کوریا کو بہت سے زیادہ رعایت دینا پڑی تھی۔

ادھر امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اسے پریشانی یہ ہے کہ وائٹ ہاؤس کوریائی خطے میں فوجی کارروائی کے حوالے سے جلدبازی سے کام لے رہا ہے جس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں ۔