مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں اسلام آباد، لاہور ،پشاور،بنوں، شمالی وزیرستان، ایبٹ آباد، بڈ گرام، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ڈسکہ ، سمبڑیال، جھنگ، ڈیرہ اسماعیل خان، مرید کے، راولپنڈی، مری، مانسہرہ، شانگلہ، سوات، مینگورہ، اٹک، چنیوٹ، میانوالی، منڈی بہاالدین، لالہ موسی، گلگت و گردونواح، پنڈ دادن خان، ہٹیاں بالا، نتھیاگلی سمیت دیگرشہرشامل ہیں۔زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 178 کلومیٹرتھی جبکہ شدت 6.1 تھی۔ زلزلے کے جھٹکے 30 سیکنڈز تک جاری رہے۔زلزلہ سے حب میں مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر ہندوستان کے دارالحکومت دہلی، راجھستان، چندی گڑھ، ہریانہ ، جموں کشمیر جبکہ افغانستان اور ازبکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 31 جنوری 2018 - 16:08
پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔