امریکی سینیٹ میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد روکنے کے ساتھ ساتھ مستقل طور پر پاکستان کی مستقل امداد بند کرنے کا بل پیش کردیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی سینیٹ میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد روکنے کے ساتھ ساتھ مستقل طور پر پاکستان کی مستقل امداد بند کرنے کا بل پیش کردیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹر رینڈ پال نے مجوزہ قانون سازی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد امریکی حکومت کو پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد روکنے کے ساتھ ساتھ مستقل طور پر اسلام آباد کی امداد کی بندش ہے۔ امریکی سینیٹر کی جانب سے پش کردہ اس بل کی مدد سے امریکہ  کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک ارب 28 کروڑ ڈالر اور امریکہ کی اسٹیٹ ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقیاتی فنڈز کے 85 کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کے اعلان کو بھی روک دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں جب امریکی سینیٹر نے پاکستان کی امداد روکنے کے لیے اپنا منصوبہ متعارف کرایا تھا تو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اقدام کو سراہا تھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں رینڈ پال کو شاباشی بھی دی تھی۔

ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں ہے اور پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی اپنے پاؤں پر کھڑا رہ سکتا ہے۔