مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا ہے کہ افغانستان، طالبان کے ساتھ امن مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کےلئے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے سلامتی کونسل کے خصوصی وفد کے ساتھ افغانستان کے 2 روزہ دورے کے بعد نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکام نے مفاہمتی عمل میں اتفاق رائے کے لیے عالمی برادری سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان پراپنا رویہ تبدیل کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ اگرچہ افغانستان سمجھتا ہے کہ پاکستان افغانستان کے امن کی پیشکش کی حمایت نہیں کرتا پھر بھی افغان حکومت کو یقین ہے کہ طالبان مذاکرات کی میزپر آجائیں گے۔ افغانستان سمجھتا ہے کہ وہ خطےمیں امن کےلئے پاکستان کی طرف 10 قدم بڑھتا ہے اور پاکستان 10 قدم پیچھے ہٹ جاتا ہے۔