پاکستان کے شہرکوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے قریب جی پی او چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہرکوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے قریب جی پی او چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق اور 18  افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی اسمبلی سے تھوڑے فاصلے پر ریڈ زون کے قریب جی پی او چوک پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی ایک بس بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ذرائع کے مطابق دھماکہ پولیس ٹرک کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 18 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آج اسمبلی میں اہم اجلاس ہونا تھا جس کے پیش نظر ریڈزون میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی البتہ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کردیا گیا۔