پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی دھمکیوں اور امداد کی بندش کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی جنگ میں شرکت کرکے بہت بڑی غلطی کی ۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اتحاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل سے گفتگو میں امریکی دھمکیوں اور امداد کی بندش کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی جنگ میں شرکت کرکے بہت بڑی غلطی کی ۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اتحاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا امریکہ کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی فوجی امداد روکنے کا حوالے دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اتحادیوں کا ایسا طریقہ کار نہیں ہوتا جو امریکہ نے اپنایا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی فوجی امداد روک دی ہے  اور افغانستان جنگ میں اپنی شکست کا الزام اپنے شریک ساتھی پاکستان پر عائد کررہا ہے۔