اجراء کی تاریخ: 1 جنوری 2018 - 17:13

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر لفظی حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور امریکہ نے بھی پاکستان کی مدد کرکے بے وقوفی کا ثبوت دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  سماجی رابطے کی ویب ٹویٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے گزشتہ 15 سال میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکہ کے ساتھ جھوٹ بولا ۔ امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں رونالڈ ریگن عمارت سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے پاکستان پر واضح کردیا ہے کہ جب ہم مسلسل شراکت داری قائم رکھنا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ملک میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی دیکھنا چاہیں گے کیونکہ ہم ہر سال پاکستان کو بڑے پیمانے پر ادائیگی کرتے ہیں لہٰذا انہیں مدد کرنا ہوگی۔