پاکستان میں سیاچن سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر پاکستانی فوج کے 5 جوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں سیاچن سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر پاکستانی فوج کے 5 جوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لاپتہ ہونے والے جوانوں کی تلاش کے لئے پاک فوج کے دستے سمیت علاقائی باشندے  بھی مصروف ہیں جب کہ بھاری مشینری کا بھی استعمال کیا جارہا ہے لیکن تاحال کسی زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ اسکردو میں برفانی تودہ گرنے کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں جن میں پاکستانی فوج کے درجنوں جوان جاں بحق ہوچکے ہیں ۔