پاکستان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ نواز شریف نے ختم نبوت (ص) قانون میں ترمیم کروائی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ نواز شریف نے ختم نبوت (ص) قانون میں ترمیم کروائی۔  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عراق، لیبیا اور شام میں ظلم ہوا اور ہم خاموش رہے تاہم اقوام متحدہ میں 128 ووٹوں کے ساتھ ٹرمپ ذلیل ہوا۔ نواز شریف اور ٹرمپ میں کوئی فرق نہیں، قسم کھا کر کہتا ہوں کہ نواز شریف نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کروائی اور اب میں ختم نبوت (ص) کی تحریک کے لیے کھڑا ہوچکا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مجھے ایک سیٹ کا طعنہ دینے والے نواز شریف آج مجھے کیوں نکالا کا رونا رو رہے ہیں تاہم اب کوئی این آر او نہیں آرہا، نواز شریف اور اس کے خاندان کی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو روز گار نہیں مل رہا، بھوک کی وجہ سے قوم خود کشیاں کررہی ہے اور پوری قوم کو مقروض کردیا گیا، گنے کے کاشتکار درانتی تیز کریں اب چوروں کی جان لینا ہوگی۔