مہر خبررساں ایجنسی نے حریت کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کی سکیورٹی فورسز نے 166 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 115 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ترک سکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاعات ملی تھی کہ درجنوں غیر قانونی تارکین وطن سرحدی علاقے ایڈیرن سے یونان کی سرحد عبور کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اطلاعات کی روشنی میں ترک حکام نے الگ الگ اوقات میں 4 بسوں کو روک کر اس میں سوار پاکستان سے تعلق رکھنے والے 115 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا۔ترک حکام کے مطابق یہ تمام افراد غیر قانونی طور پر ترکی میں داخل ہوئے تھے اور وہ یونان کے راستے یورپ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ ترک فورسز نے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 6 ترک اور ایک پاکستانی شہری کو بھی گرفتار کیا ہے جنہوں نے غیر قانونی تارکین سے فی کس 1500 امریکی ڈالر کے مساوی رقم وصول کی تھی۔ پولیس نے عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ترک حکام نے 51 شامی باشندوں کو بھی غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والے شامی شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 21 دسمبر 2017 - 16:55
ترکی کی سکیورٹی فورسز نے 166 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 115 پاکستانی بھی شامل ہیں۔