پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی امریکہ کا ساتھ دینے پر شروع ہوئی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب  کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی امریکہ کا ساتھ دینے پر شروع ہوئی۔ اس نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے خطرناک عزائم کو شکست دی ہے، آج دہشت گرد اور شرپسند عناصر ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ پاکستان کے قومی سلامتی امور کے مشیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی امریکہ اور مغرب کا ساتھ دینے پر شروع ہوئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا لیکن دنیا نے پاکستان کی جنگ کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا، افغانستان میں طالبان مزید مضبوط ہورہے ہیں، امریکا افغانستان میں اپنی شکست کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، وہ پاکستان پر حقانی گروپ اور طالبان کا ساتھ دینے کا الزام لگاتا ہے۔ناصر جنجوعہ نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ 40 برسوں سے امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے ، افغانستان میں استحکام اولین ترجیح ہونی چاہیے، جنوبی ایشیا کی سلامتی خطرے میں ہے، خطے میں ایٹمی جنگ بھی چھڑ سکتی ہے، بھارت ہتھیاروں کا ذخیرہ کر رہا ہے، بھارت پاکستان کو مستقل طور پر روایتی جنگ کی دھمکی دے رہا ہے، امریکا خطے میں چین کے اثر و رسوخ کو کم کرنا چاہتا ہے۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ کشمیر میں امریکہ اور ہندوستان کا گٹھ جوڑ سب کے سامنے ہے۔