شمالی کوریا نے حال ہی میں دور تک مار کرنے والے اپنے طاقت ورترین بین البراعظمی بلیسٹک میزائل " آئی سی بی ایم " کے کامیاب تجربے کے بعد ملک بھر میں جشن منایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں دور تک مار کرنے والے اپنے طاقت ورترین بین البراعظمی بلیسٹک میزائل " آئی سی بی ایم " کے کامیاب تجربے کے بعد ملک بھر میں جشن منایا۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کے ایک اخبار نے پہلے صفحے پر شمالی کوریا کے عوام کی جانب سے پیانگ یانگ کے کم اِل سنگ اسکوائر پر منائے گئے جشن کی تصاویر شائع کیں۔ان تقاریب میں شریک افراد نے کامیاب میزائل تجربے کی حمایت میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ ’ہم اس ہواسنگ 15 کے کامیاب تجربے کی خوشیاں منا رہے ہیں جو پوری دنیا کے سامنے چوسن (شمالی کوریا) کی طاقت اور عظمت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔واضح رہے کہ 29 نومبر کو شمالی کوریا نے اپنے اب تک کے سب سے زیادہ طاقت ور ترین آئی سی بی ایم میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔  ماہرین کا ماننا تھا کہ پیانگ یانگ کے اس میزائل تجربے کے بعد وہ واشنگٹن سمیت امریکہ کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگیا۔