اجراء کی تاریخ: 4 نومبر 2017 - 11:05

شامی فوج نے داعش کے آخری مضبوط گڑھ دیر الزور کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سانا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شامی فوج نے داعش کے آخری مضبوط گڑھ دیر الزور کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔اطلاعات کے مطابق تیل کی پیداوار کے حوالے سے مشہور شام کے مشرقی شہر دیر الزور کو داعش کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے اور شامی فوج  نے وہابی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ داعش سے کنٹرول حاصل کرنے پر شام کے سرکاری ٹی وی چینل پر اعلان بھی کیا گیا جس میں کہا گیا کہ شامی فوج اور عوامی رضآکار دستوں نے دیر الزور کو وہابی دہشت گردوں سے مکمل پاک کرکے شہر کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ داعش نے 2014 میں دیرالزور پر قبضہ کرکے  ہزاروں شہریوں کو محصور کردیا تھا اورعراق کی سرحد سے متصل ہونے کی وجہ اس تنظیم کے دہشت گرداس شہر کو سرحدی گزرگاہ کے طور پر استعمال کرتے تھے۔