مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں حصص منجمد کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی سربراہی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسین اورحسن نواز کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے اثاثوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جب کہ ایس ای سی پی نے حسین اورحسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں حصص کی تفصیلات بھی پیش کیں، ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق حسن اور حسین کے 6 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔ عدالت نے ایس ای سی پی کو حسین اور حسن نواز کے حصص منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں ملزمان کی جائیداد قرق کرنے کا عمل شروع کردیا جب کہ کیس کی سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس الگ کر دیے تھے جب کہ مسلسل طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔
اجراء کی تاریخ: 31 اکتوبر 2017 - 11:32
پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں حصص منجمد کرنے کا حکم دیدیا ہے۔