مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے ملنے کی درخواست کو بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری نے رد کردیا ہے وہ نواز شریف سے ملنے کو تیا رنہیں ،ہم نواز شریف کی مدد نہیں کرسکتے ۔ فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف ماضی میں مفاہمت کی کوششوں کو ٹھکرا چکے ہیں ،حکمران جماعت کے سابق وزیراعظم کے کیس میں دستاویزات اور شواہد کافی مستند تھے ،اگر وہ سمجھتے ہیں فیئر ٹرائل کاموقع نہیں مل رہا تو چیلنج کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ، نواز شریف نے خود مفاہمت کی سیاست کو ٹھکرایا ، موجودہ حالات میں نوازشریف سے نہیں ملیں گے ، چاہتے ہیں کہ ان کے کیسز میں قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔
فرحت اللہ بابر نے یہ بھی کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں نوازشریف سے ملاقات کا تاثر درست نہیں جائے گا،اس لئے پارٹی کے چیئرمین بلاول اور شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری ملنے کو تیار نہیں ۔سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہوجائے گا ۔