اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے ہندوستان سے بھی مدد لے سکتا ہے کیونکہ واشنگٹن خطے میں ایسی حکومت کو برداشت نہیں کرے گا جو دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے ہندوستان سے بھی مدد لے سکتا ہے کیونکہ واشنگٹن خطے میں ایسی حکومت کو برداشت نہیں کرے گا جو دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں 'امریکہ  ہندوستان دوستی کونسل' سے خطاب کرتے ہوئے نکی ہیلی نے نئی دہلی میں واشنگٹن کے بڑھتی ہوئی دلچسپی کی وضاحت کرتے ہوئے ان  کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے ہندوستان کی مدد کی ضرورت ہے جبکہ امریکہ، افغان جنگ کے جلد خاتمے کے لیے جنوبی ایشیا کی اس طاقت ور ریاست کی جانب مدد کی جانب دیکھ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت، افغانستان کے بنیادی ڈھانچے اور تعمیر نو کے لیے دی جانے والی امداد کے تناظر میں امریکہ کی مدد کر سکتا ہے بلکہ ہندوستان  پڑوسی ملک پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے بھی امریکہ کی مدد کر سکتا ہے۔نکی ہیلی نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے اپنی جانب سے بنیادی کام کر لیے ہیں تاہم ہمیں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو  جوابدہ بنائیں جس کے لیے ہندوستان ہماری مدد کرنے جارہا ہے۔ امریکی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے واضح کیا کہ امریکہ ایٹمی ہتھیاروں کو دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے لیے جنوبی ایشیا میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے امریکہ اپنے تمام معاشی، سفارتی اور فوجی وسائل کو بروئے کار لائے گا۔