پاکستان کے شہر کراچی میں خواتین پر چاقو اور تیز دھار آلے سے حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے منڈی بہاءالدین سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی میں خواتین پر چاقو اور تیز دھار آلے سے حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے منڈی بہاءالدین سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم وسیم کو ساہیوال پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے نوشوپاک کے علاقے سے حراست میں لیا، ڈی آئی جی پولیس ایسٹ زون کراچی سلطان علی خواجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملزم وسیم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر کراچی میں خواتین پر حملوں میں ملوث ہے۔ مزید تحقیقات اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے ملزم کو کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملزم پر ساہیوال میں بھی خواتین پر حملہ کرنے کے 28 مقدمات درج ہیں۔ کراچی میں خواتین پر چھری سے حملے کے تقریباً ایک درجن سے زائد واقعات ہوئے تھے جہاں گلستان جوہر، شارع فیصل اور گلشن اقبال کے علاقوں میں خواتین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے پر پہلے 5 لاکھ اور پھر 10 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔