مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے بہتر باوفا ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں " یوم عاشور" آج مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ مرکزی امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہو گئے ہیں جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعد شام غریباں منائی جائیگی۔ لاہور میں نثارحویلی سے برآمد ہونے والا جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جبکہ کراچی میں نشتر پارک سے مجلس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوگیا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھاردار میں اختتام پذیر ہوگا۔کوئٹہ میں عاشورہ محرم کا مرکزی جلوس علمدارروڈ پررحمت اللہ چوک سے نکالا گیا۔ ادھر مظفرآباد، گلگت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان،ایبٹ آباد، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال،جھنگ، اوکاڑہ، لودھراں، میانوالی، جہانیاں اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عزاداروں کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔ پشاور میں شبیہ، علم اور ذوالجناح کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے اور راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کچھ دیر میں امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو گا۔حیدرآباد اور فیصل آباد میں بھی یوم عاشور کے جلوس کی تیاریاں جاری ہیں۔ادھر پاکستان کے مختلف شہروں کراچی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان ،لکی مروت ،مظفرآباد،جیکب آباد، سکھر، شکارپور، کشمور، خیرپور سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بنداور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔اس کے علاوہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، جڑوا ں شہروں میں میٹرو سروس آج بھی معطل رہے گی۔ سندھ پولیس اور رینجرز کی جانب سے مرکزی مجلس اور جلوس کے لیے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستوں پر عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کردیے گئے ہیں۔مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیےتین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے ہیں، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے 473مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
اجراء کی تاریخ: 1 اکتوبر 2017 - 11:05
پاکستان بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔