مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کو دھمکانے کے لیے امریکی بمبار طیاروں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی جہازوں نے پروازیں جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کی سرحد سے متصل علاقے میں سمندر پر کیں جب کہ اس کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ پینٹاگون کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مختلف فوجی آپشن موجود ہیں جب کہ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ اپنے اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہے۔ذرائع کے مطابق امریکہ جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان شدید تناؤ پایا جاتا ہے جب کہ گزشتہ چند ماہ سے دونوں ممالک کے درمیان لفظی جنگ میں بھی شدت آچکی ہے۔