مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سمندری طوفان ارما نےکیریبیئن جزائر، کیوبا اور امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی ہے، ارما سے ہلاک افراد کی تعداد چالیس ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلوریڈا کے شمال مشرقی علاقوں میں موجود ارما کمزور ہو کر کیٹگری ایک میں داخل ہو گیا۔
طوفانی ہواؤں، شدید بارشوں اور اونچی اونچی لہروں کے ساتھ کیٹگری چار کے طوفان نے فلوریڈا کے ساحلی علاقوں کو تہس نہس کر دیا ۔مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، ساٹھ لاکھ سے زائد صارفین کی بجلی منقطع ہوگئی، جبکہ پینسٹھ لاکھ سے زائد لوگوں کو انخلا کا حکم دے کر ریاست فلوریڈا کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔
شمال مشرقی علاقوں میں ریکارڈ بارشوں کے بعد ہر طرف پانی ہی پانی ہے اور بدترین سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے،میامی میں جڑوں سے اکھڑے درخت، طوفانی ہواؤں سے گرےسائن بورڈز،دریاوں کا منظر پیش کرتی سڑکیں طوفان کی شدت کی کہانی سنا رہی ہیں۔ساحل پر پانچ سے دس فٹ اونچی لہریں بلند ہورہی ہیں اور خراب موسم کے باعث میامی ایئرپورٹ منگل تک لیے بند ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست جارجیا میں بھی طوفانی ہواؤں اور تیز بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئي ہے۔