مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطری حکومت کے ایک اعلی اہلکار نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اس کےحامی تین عرب ممالک کو عالمی سطح پر قطر کو تنہا کرنے میں تاریخی شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔ قطری حکومت کے رابطہ عامہ کے سربراہ سیف بن احمد آل ثانی نے کہا ہے کہ قطر کے خلاف سعودی عرب، بحرین ، مصر اور متحدہ عرب امارات کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی ہے ، انھوں نے کہا کہ عالمی اور علاقاغی سطح پر قطر کو تنہا کرنے کی سعودی عرب کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔
سیف بن احمد آل ثانی نے کہا کہ سعودی عرب نے میڈیا کے ذریعہ قطر کو بدنام کرنے کے لئے کئی ملین ڈالر صرف کئے اور قطر کے خلاف بری ، بحری ، ہوائی ، تجارتی اور سفارتی پابندیاں عائد کرنے کے باوجود کچھ نہیں ملا ۔ اس نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے حامی 3 ملکوں کی گھناؤنی تبلیغات اور پروپیگںنڈے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے حامی 3 عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرنے کے بعد اس پر اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عائد کردی تھیں۔