اجراء کی تاریخ: 16 اگست 2017 - 17:25

پرتگال کے جزیرے مدیرا میں ایک مذہبی تقریب کے دوران درخت گرنے سے 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پرتگال کے جزیرے مدیرا میں ایک مذہبی تقریب کے دوران درخت گرنے سے 13 افراد ہلاک اور غیر ملکیوں سمیت 49 زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لوگ ایک مقامی رومن کیتھولک گرجا گھر میں مذہبی تقریب کے لیے جمع ہوئے تھے کہ وہاں موجود درخت اچانک گرگیا، جس کے نتیجے میں 13افراددرخت تلے دب کر ہلاک ہوگئے ۔

ایک عینی شاہد کے مطابق بہت زور دار آواز آئی اور میں نے دیکھا کہ درخت تیزی سے گر رہا ہے اور کئی لوگ جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے لیکن کئی درخت کے نیچے آ گئے۔مدیرا کے سیکریٹری برائے صحت پیڈرو راموس نےبتایا کہ زخمیوں میں جرمنی، ہنگری اور فرانس کے شہری بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد مدیرا میں تین دن کے سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا بھی جزیرے پر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رنج و غم کا اظہار کیا۔ دیرا یورپی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے اور وہ پرتگال کے زیر انتظام جزائر میں سب سے بڑا جزیرہ ہے اور ملک کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔