آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم بارنابی جوئس دہری شہریت کی وجہ سے نااہلی کے خطرے سے دوچار ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نےغیرملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم بارنابی جوئس دہری شہریت کی وجہ سے نااہلی کے خطرے سے دوچار ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم بارنابی جوئس کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ نیوزی لینڈ کے بھی شہری ہیں جس کے نتیجے میں ان کی نااہلی کا خطرہ ہے کیونکہ آسٹریلوی آئین کے تحت سرکاری عہدے داروں کے دہری شہریت رکھنے پر پابندی ہے۔بارنابی جوئس کی نااہلی کی صورت میں آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال کی اقتدار پر گرفت کمزور ہوجائے گی۔ نیوزی لینڈ کے وزیر داخلہ پیٹر ڈون نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نائب وزیراعظم بارنابی جوئس ان کے ملک کے شہری ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کے قانون کے تحت اس کے شہری کا بچہ کسی بھی ملک میں پیدا ہو اسے نیوزی لینڈ کی شہریت خود بخود مل جاتی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی نائب وزیراعظم بارنابی جوئس نے اپنی دہری شہریت چھپائی نہیں بلکہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن نے ان سے رابطہ کرکے آگاہ کیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے شہری ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کے والد نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔